منگلورو، 21 / مئی (ایس او نیوز) نیوپاڈو میں واقع حاجبّا گورنمنٹ سینئر پرائمری اسکول میں پیش آئے ایک المناک حادثے میں کمپاونڈ گرنے سے اس کی زد میں آنے والی سات سالہ بچی فوت ہوگئی ۔
کل شام کے وقت پیش آئے اس حادثے میں موت کا شکار ہونے والی بچی کا نام شازیہ بانو بتایا گیا ہے جو کہ تیسری جماعت کی طالبہ تھی ۔ سمجھا جاتا ہے کہ الال تعلقہ میں ہو رہی مسلسل بارش کی وجہ سے حاجبّا اسکول کی گیٹ کا حصہ کمزور ہو کر گر گیا اور گیٹ کے پاس کھیل رہی بچی اس کی زد میں آ گئی ۔
معلوم ہوا ہے کہ پچھلے دو دنوں سے موڈیپو انڈر گریجویٹ کالج کے طلبہ نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) کے تحت ہریکل حاجبّا اسکول میں کیمپ کیے ہوئے تھے ۔ اسکول کے قریب ہی مقیم شازیہ بھی ان طلبہ کی سرگرمیوں میں شامل ہوگئی تھی ۔ کل شام کو گھر لوٹنے سے قبل وہ اسکول کی گیٹ کے پاس کھیل رہی تھی کہ اچانک گیٹ اور دیوار کا حصہ گر گیا اور شازیہ اس کے نیچے دب گئی ۔ حالانکہ موقع پر موجود لوگوں نے فوراً اسے ملبے سے نکالنے کی کوشش کی مگر اس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا ۔
ہریکل گرام پنچایت کے افسران اور کوناجے پولیس عملے نے جائے حادثہ پر پہنچ کر معائنہ کیا ۔